میسور 22 / جنوری (ایس او نیوز) میسور کے قریب گجے گوڈانا پورہ میں جہاں سے ایودھیا میں مورتی کو تراشنے کے لیے پتھر نکالا گیا تھا ، مجوزہ رام مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے میسور کے ایم پی پرتاپ سنہا کو عوام نے نعرے بازی کرتے ہوئے واپس لوٹنے پر مجبور کردیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج 22 جنوری کو، جب ایم پی پرتاپ سنہا میسور کے مضافات میں واقع گاؤں میں رام مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے، تو گاؤں کے لیڈروں نے انہیں اس علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا اور انھیں وہاں سے واپس چلے جانے کو کہا ۔ مقامی لوگوں نے بی جے پی ایم پی پر دلت مخالف ہونے اور مختلف گروہوں کے درمیان تنازعات کو ہوا دینے کا الزام لگایا ہے۔
حالانکہ جنتا دل (ایس) کے قائدین بشمول سابق وزراء جی ٹی۔ دیوے گوڑا اور ایس آر مہیش، ایم ایل سی کے علاوہ سی این ۔ منجے گوڑا نے مقامی لوگوں کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کی، لیکن وہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی اس تقریب میں شرکت کی مخالفت پر بضد رہے ۔
بشمول دلت لیڈران، مقامی لوگوں نے مسٹر سنہا پر مہیشا دسہرا کے جشن کے دوران دلت مخالف موقف اختیار کرنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی سری رام کے مداح ہیں اور رام کی تعظیم میں ایک مندر تعمیر کرنے جا رہے ہیں اور اس تقریب میں مسٹر سمہا کی شرکت کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ پرتاپ سنہا کو مختلف گروہوں کے درمیان اختلافات کے بیج بونے کے لیے جانا جاتا ہے ۔ البتہ تقریب کے مقام سے واپس لوٹنے کے بعد پرتاپ سنہا نے دلتوں کی مخالفت کو کانگریس کی کارستانی قرار دیا اور نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس پارٹی کے سابق تعلقہ پنچایت ممبر، اور مہیشا کے پیروکاروں کے ایک گروپ نے انہیں گاؤں میں داخلے سے روکا تھا ۔ انہوں نے مہیشا کے پیروکاروں کی مخالفت کا اعادہ کیا اور کانگریس کے حامیوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے گاؤں میں ان کے داخلے کے خلاف نعرے لگائے ۔ کانگریس کے حامیوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پرتاپ سنہا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس طرح کی شرارتوں کا سہارا لے رہی ہے کیونکہ اسے معلوم ہے کہ وہ اس حلقہ میں انہیں شکست نہیں دے سکتی ۔
یاد رہے کہ حال ہی میں دیوے گوڑا نے اعلان کیا تھا کہ گجے گوڈانا پورہ میں اس جگہ پر ایک رام مندر تعمیر کیا جائے گا جہاں سے ایودھیا میں رام للا کی مورتی کی مجسمہ سازی کے لیے استعمال ہونے والے سیاہ پتھر کی کان کنی کی گئی تھی ۔ عوام کے عطیہ جات سے تعمیر کیے جانے والے مندر کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب آج یعنی 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر میں مورتی کی تنصیب کے موقع پر مقرر کی گئی تھی ، جس میں شرکت کے لئے جانے والے میسور ایم پی پرتاپ سنہا کو الٹے پاوں واپس لوٹنا پڑا ۔